Friday, September 8, 2023

دیوار کے اُس پار۔ تحریر نوید بروہی



 دیوار کے اُس پار !! 

تحریر : نوید بروہی 


محض چند سال ہی ہوتے ہیں کشمکش ، جدوجہد محنت و کوشش کے پھر صدا کے لئے آرام ہے۔بارش و بہار کی حسن و دلکشی کی رونق حیات ہی میں ہے ۔پھول کے کھلنے ،کلی کے چٹکنے کی لذت و سرودزندگی میں ہی ہے ۔بچپن کی معصومیت، جوانی کی نازکی اور بڑھاپے کی بزرگی بھی سانسوں کی روانی میں ہے ، جدوجہد اور کوشش کی جزا ، ہمت و محنت کا پھل سانسوں کی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں ! یہ لڑی قائم ہے تو اس رنگین کائنات کی لذت، سرود و محفل باقی ہے !

 پھر جب انسان گورستان کو بسالیتا ہے ، کئی من مٹھی کی چادر اوڑھے سکون کی نیند سو رہا ہوتا ہے اور منتظر رہتا ہے کہ کب یہ سب اپنی باری مکمل کرکے آجائیں اور مقابلہِ حساب و کتاب برپا ہو۔ قبرستان کی رنگینی دیکھ کر لگتا ہے قبر میں بھی جو امیر ہیں وہ دلکش و نرم  بچھونوں پر بیٹھے محوِ انتظار ہیں۔  اور جن کے لواحقین  ماربل افورڈ نہیں کر سکتے وہ ایک ٹوٹے پھوٹے چارپائی پر آرام کر رہے ہیں اور بار بار کروٹ بدل رہے ہیں ۔قبرستان کی دیواروں پر نہایت دلکش خط کے ساتھ مختلف اشتہارات کہیں اور لے جاتے ہیں  !

محض ایک دیوار ہے جس کے باہر رونق ہی رونق ہجر کے بعد وصال ،وصال کے مزے، اظہارِ دردِ دل ، اظہارِ الفت کی پر رونقی ،دنیا کی رنگینی، چمک ،دمک ہزاروں خواہشیں اور ان کی تکمیل کے لیے جہد مسلسل ! اولاد کی خوشی کے لئے کوششیں، ماں باپ کے طویل عمر کے لیے صبح و شام دعائیں ، وصالِ محبوب کی تمنائیں، آرزوئیں  اور نہ جانے کیا کیا ! 

لیکن ایک دنیا اس دیوار کے اندر کی ہے خاموشی ہی خاموشی ،کوئی  پیارے سے چند لمحات گفتگو کرنا چاہے تو بھی کوئی جواب نہیں دیتے ! گویا کسی شے کے انتظار میں ہوں !

 یوں لگتا ہے وہ حرکت چاہتے ہیں۔ گویا وہ تھک چکے ہیں ، ان کی آنکھیں منتظر ہیں کہ کب قصہ تمام ہو اور پھر رونق رواں ہو۔ کئی صدیاں بیت جاتی ہیں ، گرمی سردی خزاں اور بہار ! 

گرمی کی تپش، سردیوں کی ٹھنڈک بھری راتیں، خزاں کی افسردگی اور بہار میں پھولوں کا مسکرانا ، بلبل کا چہچہانا،  آسمان کا مسکرانا، چمکنا ، گرجنا اور برسنا  یہ سب ان کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتے  بس انتظار ہی انتظار ہے !

بس چند سالوں کی حیات ہے !

اس میں مایوس نہ ہوں !

مایوسی موت ہے ! 

مایوسی بردبادی ہے دین و دنیاء کی! 

کوشش و جدوجہد کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں ! 

مسکرائیے بھرپور مسکرائیے !

اپنے خواب  تکمیل تک پہنچائیں !

اپنے سوالات کے جوب تلاش کریں ! 

کامیابی حاصل کریں !

ناکامی سے نہ گھبرائیے بلکہ اسے خوب انجوائے کیجئے ! جب تک آپ دیوار کے اس پار ہیں !

 کیوں کہ دیوار کے اُس پار انتظار ہی انتظار ہے !!


نوید الحسن بروہی


No comments:

Post a Comment

سرکاری نہیں ، ہماری امانت !!

 "سرکاری نہیں، ہماری امانت!" ہم اکثر سنتے ہیں کہ فلاں سرکاری بلڈنگ کی دیواریں ٹوٹ رہی ہیں، فلاں ادارے کی کھڑکیاں ٹوٹ چکی ہیں یا ف...